زائد المیعاد اشیا کی فروخت،2بیکریوں کیخلاف کارروائی

زائد المیعاد اشیا کی فروخت،2بیکریوں کیخلاف کارروائی

ملتان (لیڈی رپورٹر )ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر جنوبی پنجاب بھر میں صحت دشمن مافیا کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پل برآں اور ایم ڈی اے روڈ پل بارانا پر 2 بیکریوں کو ایکسپائری مشروبات کی موجودگی، پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار ہونے ، صاف پانی کا استعمال نہ کرنے ، آلودہ مشینری سے خوراک کی پروسیسنگ کرنے پر 2 ہزار روپے ، شیر شاہ روڈ گارڈن ٹاؤن میں ہوٹل کو کھانوں میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے پر 15 ہزار جبکہ شیر شاہ روڈ پر پولٹری شاپ کو صفائی کے ناقص انتظامات پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اسی طرح خانیوال میں اڈہ وجھیانوالا میں سویٹس شاپ کو مٹھائی کی تیاری میں کھلے رنگ کا استعمال کرنے ، مٹھائی میں مردہ حشرات پائے جانے پر 20 ہزار روپے ، باٹی بنگلہ سرائے سدھو میں کریانہ سٹور کو چائنہ نمک فروخت کرنے پر 12 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سورو موڑ کرم پور میلسی میں ہوٹل کو فریزر میں باسی خوراک کی موجودگی پر 15 ہزار جبکہ اڈہ سانچے والا موڑ وہاڑی میں کریانہ سٹور کو زائدالمیعاد کولڈ ڈرنکس فروخت کرنے پر 7 ہزار مسلم ٹاؤن وہاڑی میں ملک شاپ کو ملاوٹی دودھ فروخت کرنے پر 8 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں