خانیوال،1ارب 30کروڑ کا سیوریج منصوبہ کرپشن کی نذر

خانیوال،1ارب 30کروڑ کا سیوریج منصوبہ کرپشن کی نذر

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ایک ارب تیس کروڑ کی ورلڈ بینک کی امداد سے جاری سیوریج کا پروجیکٹ کرپشن اور ناقص مٹیریل کی نذر۔

نکاسی آب پروجیکٹ میں ناقص مٹیریل کا استعمال،موقع پر ورلڈ بنک کا نمائندہ بھی غائب، آبادی والے علاقوں میں سیوریج کے لیے ڈالے گئے ناقص پائپ اور ان کی پیمائش انتہائی کم ہونے کے باعث علاقے کے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب بھر کی دیگر تحصیلوں کی طرح خانیوال میں بھی ورلڈ بینک کی ایک ارب تیس کروڑ امداد سے سیورج سسٹم ڈالا جا رہا ہے ۔اس پروجیکٹ میں شروع میں پانچ سکیمیں شامل تھیں جن میں پلے گرائونڈ،سٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی تعمیر،سیوریج سسٹم اور صاف پانی کو لوگوں کے گھروں تک پہنچانا شامل ہے ،مگر جیسے ہی سیوریج کا کام شروع کیا گیا تو اس میں استعمال ہونے والہ پائپ انتہائی ناقص نکلا جو گاڑیوں سے ان لوڈ کرتے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا۔تقریباً 6 لاکھ کی بڑی آبادی کے ساتھ ساتھ 23 یونین کونسلوں پر مشتمل اس بڑے آبادی والے شہر میں ڈالے جانے والے پائپ کی پیمائش 12،انچ ہے جو کہ کسی صورت بھی سیوریج کے گندے پانی اور بارشوں کے دنوں میں پانی کے فلو کے سامنے مکمل ناکام نظر آتی ہے اور یہ سیوریج پانی کے تیز بہائو کو کسی صورت نہیں نکال سکے گی۔ مڈو والہ چوک میں جاری سیوریج کے ان پائپوں کی حالت زار انتہائی ناقص ہے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ناقص مٹیریل سے بنائے گئے یہ 12 انچ کو چھوٹے چھوٹے پائپ جگہ جگہ سے ٹوٹے ہوئے ہیں جبکہ ان پائپوں کے نیچے کسی قسم کا بھی بیڈ نہیں بنایا جا رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں