جعلی زرعی ادویہ سازوں کیخلاف ایکشن،فیکٹری سے لاکھوں کی زہر برآمد

جعلی زرعی ادویہ سازوں کیخلاف ایکشن،فیکٹری سے لاکھوں کی زہر برآمد

ملتان(وقائع نگار خصوصی )وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایت پرجعلی زرعی مداخل کی تیاری و خریدوفروخت کے دھندے میں ملوث عناصر کیخلاف ڈاؤن جاری۔

محکمہ زراعت پنجاب جعل سازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے اصول پر عمل پیراہے ۔پیسٹی سائیڈز انسپکٹر سید عصمت حسین بخاری نے فاطمہ ٹاؤن وہاڑی چوک ملتان میں ایک غیر رجسٹرڈ فیکٹری پر چھاپہ مارا۔کامیاب چھاپہ کے نتیجہ میں سینکڑوں لیٹر جعلی زرعی زہریں برآمد کرلیں۔موقع سے پکڑی گئی جعلی زہروں کی مالیت 80لاکھ روپے بنتی ہے ۔پولیس پارٹی کے ذریعے موقع سے فیکٹری مالک محمد ارشد گرفتار کرلیا گیاجبکہ مختلف کمپنیوں کے نام سے پرنٹ شدہ زرعی زہروں کے لیبل،خالی بوتلیں،پیک شدہ بوتلیں برآمد کرلیں۔ ملزم زرعی زہریں مکس کرکے مختلف کمپنیوں کے لیبل لگاکرمارکیٹ میں فروخت کررہا تھا۔پیسٹی سائیڈ انسپکٹر سید عصمت حسین بخاری نے تمام تر زرعی زہروں ودیگر مٹیریل کو قبضہ میں لے کر حوالہ پولیس کردیا۔غلط لیبل کا استعمال ایگریکلچر پیسٹی سائیڈز آرڈیننس کے رول15 جبکہ غیر قانونی و غیر رجسٹرڈ فیکٹری رول9کی خلاف ورزی ہے ۔برآمد شدہ پیک زرعی زہریں غیر رجسٹردہونے کے ناطے سیکشن4کی خلاف ورزی ہے ۔ملزم محمد ارشد مالک جعلی پیسٹی سائیڈ فیکٹری کیخلاف مقدمہ کے اندارج کیلئے تھانہ ممتاز آباد میں استغاثہ دائر کردیا ہے ۔موقع پر زرعی زہروں کے نمونہ جات حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں