ضلعی جیل وہاڑی میں کرسمس کی تقریب، کیک کاٹا گیا
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)ضلعی جیل میں مسیحی اسیران و ملازمین کو کرسمس کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے ۔
جس میں ایم پی اے نوشیر انجم لنگڑیال ، ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر، ڈی پی او منصور امان اور جیل افسران نے مسیحی قیدیوں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور مبارکباد دی ،مذہبی جذبات کی تکریم کیلئے مسیحی قیدیوں کو تحائف پیش کئے گئے اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کرسمس پر مسیحی قیدیوں کی اہل خانہ سے خصوصی ملاقات کا اہتمام کیا گیا ہے اور تمام مسیحی قیدیوں کو گھر کے کھانے کی بھی اجازت دی گئی ۔اس کے علاوہ جیل انتظامیہ نے بھی کرسمس پر خصوصی کھانا انتظام کیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کرسمس کا دن بنی نوع انسان کیلئے امید اور محبت کا پیغام لاتا ہے جیل میں کرسمس تقریب کا مقصد مسیحی اسیران کو خوشیوں میں شامل کرنا ہے قیدیوں کی ر ہنما ئی کر کے انہیں معا شر ے کا با عزت شہری بنا یا جا سکتا ہے ،ایم پی اے نوشیر انجم لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز مسیحی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں حکومت پنجاب کی طرف سے مسیحی اسیران کو کرسمس کی خوشیوں میں شامل کرنا احسن اقدام ہے ۔ ڈی پی او منصور امان نے کہا کہ کرسمس پر مسیحی قیدیوں کی خوشیوں میں برابر شریک ہیں انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمہ کیلئے معاشرتی رویوں کو بہتر کرنا ہوگا۔