مزارات اولیاء پر سہولیات ناپید،زائرین خوار

مزارات اولیاء پر سہولیات ناپید،زائرین خوار

ملتان(جام بابر سے )روحانی سکون کے لئے مدینۃ الاولیاء آنے والے زائرین محکمہ اوقاف کے ہاتھوں بے سکون، کروڑوں کی آمدنی کے باوجود سہولیات کا نام و نشان نہیں۔

 زائرین کے لئے تعمیر کئے گئے زکریا کمپلیکس میں حاجی کیمپ، لنگر خانے میں بھی اوقاف دفاتر و لائبریری، زونل آفس میں بھی اوقاف دفاتر اور تھانہ لوہاری گیٹ قائم کر دیا گیا مگر زائرین کے لئے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق کروڑوں کی آمدنی کے باوجود محکمہ اوقاف ملتان حاضری کے لئے آنے والے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا ہے ۔ زونل آفس، لنگر خانے اور انجینئرنگ برانچ میں اوقاف دفاتر اور تھانہ لوہاری گیٹ قائم جبکہ بعض کمروں میں اوقاف و پولیس اہلکار بھی رہائش پذیر مگر زائرین کو رہائش کے لئے ایک کمرہ بھی دستیاب نہیں اور نہ ہی اولیاء اللہ کے شہر ملتان میں سرکاری سطح پر زائرین کی رہائش کا کوئی انتظام ہے ۔ موسمی شدت کے باوجود زائرین حاجی کیمپ اور مزارات کے برآمدوں کے فرش پر لیٹنے پر مجبور ہو ہیں۔ درگاہ حضرت بہائوالدین زکریا ملتانیؒ، درگاہ حضرت شاہ رکن عالمؒ، درگاہ حضرت شاہ شمسؒ، درگاہ حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ اور درگاہ حضرت بی بی پاک دامنؒ سمیت دیگر درگاہوں پر صوبہ سندھ سمیت ملک کے دیگر حصوں سے پورا سال زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے ، ان زائرین کی رہائش کے لئے 1991ء میں قلعہ کہنہ قاسم باغ پر 30 سے زائد کمروں اور وسیع و عریض گرائونڈ پر مشتمل زکریا کمپلیکس بھی تعمیر کیا گیا مگر بعد میں یہاں پر زائرین کو سہولیات دینے کی بجائے 1994ء کو اس بلڈنگ میں حج کمپلیکس بنا دیا گیا ۔درگاہ حضرت بہاء الدین زکریا ملتانیؒ اور درگاہ حضرت شاہ رکن عالمؒ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے اپنی رہائش گاہ کے قریب چند سال قبل ’’زکریا کمپلیکس‘‘ کے نام سے ایک بلڈنگ تعمیر کرائی جہاں پر پورا سال زیارت کے لئے آنے والے زائرین رہائش پذیر ہوتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں