واسا کی نااہلی،ایم اے جناح روڈ کا سیوریج سسٹم ناکارہ،راہگیروں کو مشکلات
ملتان (خصوصی رپورٹر) واسا حکام کی نا اہلی، مدنی سٹریٹ ایم اے جناح روڈ کی مختلف ملحقہ گلیوں میں گندہ پانی جمع، شہریوں کو آمد رفت میں مشکلات، ایس ڈی او واسا ایم ڈی واسا سے نوٹس کا مطالبہ، ذرائع کے مطابق مدنی سٹریٹ میں گلی نمبر 10، 14 اور 15 میں سیوریج کا گندہ پانی جمع ہونے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
واسا حکام کو متعدد بار درخواستوں کے باوجود شنوائی نہ ہوئی اور گلیوں میں گندے پانی کی وجہ سے نمازیوں کو مسجد میں جانے بچوں کو سکول جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مکینوں نے ایس ڈی او واسا اور ایم ڈی واسا سے مدنی سٹریٹ چاہ سلطان والا کی گلی نمبر 10، 14بی اور 15 بی سے سیوریج کا پانی ختم کرنے ، سیوریج لائنوں کی صفائی اور مین مدنی سٹریٹ کی بوسیدہ سیوریج لائن کی جگہ نئی سیوریج لائن ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے ۔علاقہ مکینوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ واسا کی کارکردگی کاغذوں تک محدود ہے کئی بار درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔