کسان کارڈکیلئے 13لاکھ73ہزار آن لائن درخواستیں جمع

کسان کارڈکیلئے 13لاکھ73ہزار آن لائن درخواستیں جمع

ملتان (وقائع نگار خصوصی)صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

 جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج اور زیادہ گندم اُگاؤ مہم سمیت دیگر اہم منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے ۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے حصول کیلئے اب تک 13لاکھ73ہزار کاشتکار آن لائن اپنی درخواستیں جمع کرا چکے ہیں جبکہ 5لاکھ سے زائد کسان کارڈز کے اجراء کی منظوری ہوچکی ہے۔ اور ان میں سے 4لاکھ50ہزار کسان کارڈز فیلڈ میں جا چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کیلئے 53 ارب روپے کی منظوری ہوچکی ہے جس میں سے اب تک32ارب روپے کی خریداری کی جا چکی ہے ۔ کسان کارڈ کے ذریعے روزانہ 10سے 12کروڑ روپے کی خریداری کی جا چکی ہے ۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ بینک آف پنجاب کے متعلقہ افسران کاشتکاروں سے رابطہ کریں اور کسان کارڈ کے متعلق کاشتکاروں کو اگر کسی قسم کے تکنیکی مسائل کا سامنا ہے تو اس کو فوری حل کی جائے۔اس کے علاوہ جو کارڈز فیلڈ میں پہنچ چکے ہیں اُن کو فوری کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے فوری رابطہ کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں