استاد پرتشدد‘بلا جواز حراست میں رکھنے پر ٹیچرزیونین کا احتجاج

کہروڑپکا (نمائندہ دنیا )ایس ایچ اوصدر پرگورنمنٹ پرائمری سکول پیر چراغ کے ٹیچر لیاقت علی ڈوگر پر مبینہ تشدد اور غیر قانونی طور پر حوالات میں رکھنے کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔۔۔
ٹیچرز یونین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے شہر میں ریلی نکالی اور شدید نعرے بازی کی، ایس ایچ او کی برطرفی اور آر پی او ملتان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ٹیچرز یونین کے رہنماؤں رانا فاروق و دیگر نے الزام عائد کیا کہ لیاقت علی ڈوگر جو ایک انکوائری میں بطور ثالث پیش ہوئے تھے ، انہیں ایس ایچ او نے تلخ کلامی کے بعد حوالات میں بند کر دیا، لیاقت علی کی ضمانت اگلے روز صبح 10 بجے ہو چکی تھی مگر انہیں شام 5 بجے تک حبسِ بے جا میں رکھا گیا،ایس ایچ او نے دھمکیاں دیں کہ اگر ان کے خلاف آواز بلند کی گئی تو مزید مقدمات میں نامزد کر کے گرفتار کر لیا جائے گا، ایس ایچ او کے خلاف قانونی کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا۔ دوسری جانب عوامی اور سماجی حلقوں نے بھی اعلیٰ حکام سے شفاف تحقیقات اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق یہ7/51کے تحت معمول کی کارروائی تھی اور کسی ٹیچر کی عزت مجروح کرنا مقصود نہیں تھا۔