ڈی پی او آفس لودھراں میں جدید ایڈمن بلاک کا سنگ بنیاد

لودھراں(سٹی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر)آر پی او ملتان کا دورہ لودھراں، ایڈمن بلاک کا سنگ بنیاد، کھلی کچہری کا انعقاد۔ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے ڈی پی او کامران ممتاز کے۔۔۔
ہمراہ ڈی پی او آفس لودھراں میں جدید سہولیات سے آراستہ ایڈمن بلاک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔تعمیر ہونے والا یہ ایڈمن بلاک دو ماہ میں مکمل ہوگا اور اس میں مختلف امور کے لیے مخصوص دفاتر قائم کیے جائیں گے ۔آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چودھری نے اس موقع پر کہا کہ جدید پولیس انفراسٹرکچر وقت کی ضرورت ہے اور اس سے پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا جبکہ عوام کو بہتر اور مؤثر سروسز کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی خدمت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔سنگ بنیاد رکھنے کے بعد آر پی او ملتان نے ڈی پی او آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آر پی او نے شہریوں کی شکایات بغور سنیں اور متعلقہ افسروں کو فوری طور پر مسائل کے حل کے احکامات جاری کئے ۔