900کلو زائد المیعاد اشیاء خورد ونوش تلف کر دی گئیں
ملتان (لیڈی رپورٹر)صحت دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے خانیوال میں چھاپے ، 900 کلو زائد المیعاد کھانے پینے کی ۔۔
اشیاء تلف، ہول سیل پوائنٹ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ، جعل سازی پر 2پاپڑ فیکٹری مالکان کیخلاف مقدمات درج، پروڈکشن بند کردی گئی، 40 کلو آئل اور مصالحہ جات اور مشینری ضبط۔ زائد المیعاد اشیاء کی فروخت اور جعلی پاپڑ بنانے والی فیکٹریوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کریک ڈاؤن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران مختلف برانڈز سے منسوب پاپڑوں کی جعلی پیکنگ کرنے پر 103/10R اور 140/10R میں کارروائیاں کی گئیں۔انسپکشن کے دوران جعلی پیکنگ میٹریل، خام مال اور مشینری ضبط کرلی گئی۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر بغیر فوڈ لائسنس خوراک کا کاروبار کرنے پر ایف آئی آرز درج کروائی گئیں۔ بھاری مقدار میں ایکسپائری سنیکس برآمد ہونے پر عطاء ٹاؤن میں ہول سیل پوائنٹ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جعل سازی اور دھوکہ دہی کے خاتمے کیلئے فوڈ سیفٹی ٹیمیں دن رات کوشاں ہیں۔