جعلی زرعی ادویہ ساز فیکٹری پکڑی گئی ، لاکھوں ، مالیتی ادویات برآمد
ملتان (وقائع نگار خصوصی )محکمہ زراعت بہاولپور کے شعبہ پیسٹ وارننگ کی جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات کے خلاف بڑی کارروائیاں، بھاولپور میں دو مختلف مقامات پر چھاپے مار کر بھاری مقدار میں جعلی اور ملاوٹی زرعی زہریں برآمد کر لی گئیں۔
کارروائیاں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی ہدایت پر جعلی زرعی مداخل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت عمل میں لائی گئیں۔ڈی جی پیسٹ وارننگ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول اور شعبہ پیسٹ وارننگ بہاولپور کے افسر احمد نوید احسن اور شاہد حسین کی نگرانی میں پیسٹی سائیڈ انسپکٹر محمد صفدر (ڈی ڈی اے پی پی یزمان) نے دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران کل 145.5 لٹر جعلی زرعی زہریں برآمد کیں جن کی مجموعی مالیت 4 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے ۔پہلی کارروائی میں پیسٹی سائیڈ کمپنی سٹارلٹ کیمیکلز اینڈ فرٹیلائزرز ملتان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 96.5 لٹر جعلی زرعی زہریں ضبط کی گئیں جن کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 46 ہزار 280 روپے ہے ۔ دوسری کارروائی کے دوران اسی کمپنی کے خلاف ملاوٹی زرعی ادویات کی تیاری اور فروخت پر چھاپہ مارا گیا۔ اس کارروائی میں 49 لٹر غیر معیاری زرعی زہریں برآمد ہوئیں جن کی مالیت 1 لاکھ 50 ہزار روپے ہے ۔ ان زہروں میں ریکال 42% (ECملاوٹی) اور گلیفوسیٹ 48% SL (ناقص) شامل ہیں جن کی تصدیق صوبائی زرعی لیبارٹری بہاولپور سے حاصل کردہ رپورٹس کے ذریعے کی گئی۔