شہید جوانوں کی ماؤں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

ملتان (لیڈی رپورٹر) ’’مدرز ڈے‘‘ کے موقع پر پاک فوج اور دیگر مسلح اداروں کے شہید جوانوں کی ماؤں کے اعزاز میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
یہ پروگرام گلوبل ای کامرس کنسلٹنٹس کے ادارے کے مرکزی ہال میں منعقد ہوا، جس میں سول سوسائٹی، شہید جوانوں کی مائیں، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران مقررین نے اپنے خطابات میں شہدا کی ماؤں کی قربانیوں، عزم اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ شہیدوں کی مائیں پاکستان کی عظمت اور استقامت کی علامت ہیں اور ان کی عزت و تکریم قومی فرض ہے ۔ تقریب میں موجود خواتین نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹوں کی قربانیاں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے وقف ہیں۔ تقریب کے اختتام پر گلوبل ای کامرس کے سی ای او سہیل طارق نے شہید ماؤں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی ماؤں کا جذبہ اور استقامت پاکستانی قوم کی طاقت کا منبع ہے ۔ یہ خواتین ہماری اجتماعی شناخت کا حصہ ہیں اور ان کی عزت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔