فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن ، ناقص گوشت برآمد ، چائے کی پتی کا یونٹ سیل

فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن ، ناقص گوشت برآمد ، چائے کی پتی کا یونٹ سیل

ملتان،ڈیرہ غازی خان (لیڈی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) استعمال شدہ پتی کو رنگ لگا کر مارکیٹ میں فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جہانیاں بائی پاس ٹرک اڈہ کبیروالا میں جعلی چائے کی پتی بنانے والے پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ، 500 کلو گرام ملاوٹی چائے کی پتی۔۔۔

 5 کلو رنگ اور 5 مشینیں ضبط کرلی گئیں، مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج، پیکنگ یونٹ کو بند کردیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کبیروالا میں ٹرک اڈہ پر جعل سازی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق استعمال شدہ پتی کو خشک کرکے دوبارہ رنگ لگا کر بوریوں میں پیک کیا جارہا تھا۔ ٹیسٹ کے دوران پتی میں رنگ کی ملاوٹ پائی گئی۔سینکڑوں کلو گرام جعلی اور ناقص چائے کی پتی مارکیٹ میں فروخت کی جانی تھی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری چائے اور مشینری قبضے میں لے لی۔چائے کی پتی کی مزید جانچ کیلئے سیمپل اکٹھے کرکے لیبارٹری بھجوادیئے گئے ۔ فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی خان کے عوام کو مضر گوشت کھانے سے بچا لیا،فوڈ سیفٹی ٹیم نے کوٹ ہیبت روڈ ڈی جی خان میں ناکہ بندی کے دوران گاڑی پکڑ لی،160 کلو مضر صحت گوشت تلف،سپلائر کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کوٹ ہیبت روڈ ڈی جی خان میں ناکہ بندی کے دوران گاڑی پکڑ لی۔ انسپکشن کے دوران گاڑی میں بدبودار اور رنگ تبدیل ہوا گوشت برآمد کیا گیا۔ویٹرنری ڈاکٹر کے مطابق گوشت ناقابل استعمال اور غیر محفوظ پایا گیا۔انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہونے پر مضر صحت گوشت تلف کردیا گیا۔مضر صحت گوشت مارکیٹ میں مختلف ہوٹلوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحت دشمن کاروبار کرنے والوں کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں