ادویات چوری کے مقدمے کا ملزم صفائی ملازم بحال
وہاڑی(نمائندہ خصوصی ، نمائندہ دنیا )ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی میں ادویات چوری کے مقدمے میں گرفتار اور۔۔
جوڈیشل ریمانڈ مکمل کرنے والے صفائی کے ملازم ریاض کو کمپنی کے سینئرسپروائزر بابر جٹ نے چوری چھپے دوبارہ ڈیوٹی پر بحال کردیا جس پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد فراز نے سخت ایکشن لیتے ہوئے کمپنی کو فوری وضاحت کے لیے طلب کر لیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ریاض کے خلاف تھانہ دانیوال وہاڑی میں ایف آئی آر نمبر 108/25 بجرم 380/411 پی پی سی درج ہے ، جس کے باوجود اسے 24 اپریل 2025 کو دوبارہ تعینات کیا گیا۔ یہ بحالی بغیر کسی مشاورت کے کی گئی، جس پر ایم ایس نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خط میں اسے ادارے کی ساکھ کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ لیٹر میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ متعلقہ کمپنی نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کیا، جو کہ عملے کی تعیناتی سے قبل لازمی ہے ۔ اس غیر قانونی بحالی کے بعد ہسپتال انتظامیہ کو عوامی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔مزید انکشافات میں بتایا گیا ہے کہ سپرکئیر کمپنی کے مین سپروائزر بابر، جو کہ ڈی ایچ کیو وہاڑی میں تعینات ہیں، اس تمام عمل میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں ذرائع کے مطابق بابر نامی سپروائزر اپنی نگرانی میں مخصوص وارڈز میں عملے کی تعیناتی کرتا ہے جبکہ ڈیوٹی روسٹر کنٹریکٹ کے مطابق ایڈمن آفیسر کی ذمہ داری ہے لیکن بابر جٹ اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے کے ملازموں کی تعینتیاں کرتا ہے ۔ایم ایس ڈی ایچ کیو کی جانب سے جاری مراسلے میں بابر سمیت ملوث عناصر کے خلاف فوری تادیبی کارروائی ریاض کی برطرفی، اور تمام عملے کے پولیس ویری فکیشن سرٹیفکیٹس جمع کروانے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔