سیلابی خطرے سے نمٹنے کیلئے سروے کا آغاز

سیلابی خطرے سے نمٹنے کیلئے سروے کا آغاز

ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے فلڈ رسک مینجمنٹ سروے کا آغاز ، صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے۔۔

 ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے ڈیرہ غازیخان پہنچ کر سر وے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر سلیمان رفیق نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سروے کے لیے سیٹلائٹ اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی،پی ڈی ایم اے اور اربن یونٹ ملکر سروے کریں گے ،سروے کی مدد سے حفاظتی بند کی تعمیر و مضبوطی بارے بروقت فیصلے ہونگے ،دریائی کٹاؤ کے عمل کا تعین کرنے اور اسے روکنے کے لیے پیشگی انتظامات کرنے میں مدد ملے گی، فلڈ رسک مینجمنٹ ؍ میپنگ سروے نو ، نو ماہ کے دو مراحل میں ہوگا ، پہلے مرحلے میں رودکوہیوں سے متعلق سروے کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں پنجاب کے دیگر اضلاع میں دریاؤں سے متعلق سروے ہو گا ، سروے رپورٹ کی روشنی میں مستقبل کے دوران رود کوہیوں، دریاؤں میں طغیانی کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں بہتر منصوبہ بندی،ریسکیو آپریشن کیا جاسکے گا ،مجوزہ ریلیف کیمپس، نقصانات کے ازالہ اور دیگر ریلیف سرگرمیوں میں مدد ملے گی ،ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں سروے کو دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ٹاسک دیاگیاہے ،سروے سے دیہی لیول پر امام مسجد، نمبر دار اور دیگر افراد کے رابطہ نمبر اور درست معلومات حاصل ہونگی،ملکیت کی انفارمیشن جو پیلرا کے ساتھ منسلک ہے ، روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ ہو گی، سروے سے حاصل ہونے والا ڈیٹا ریلیف کیمپ قائم کرنے ، آبادیوں کے انخلاء کی منصوبہ بندی اور دیگر ریلیف کی سرگرمیوں میں مدد دے گا،آفات کے دوران نقصانات کا تعین کرنے اور معاونت فراہم کرنے میں ڈیٹا اہم کردار ادا کرے گا ۔دریں اثناء صوبائی وزیر صحت خواجہ سلیمان رفیق نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کا بھی دورہ کیا اور ادویات اور طبی سہولتوں کی بلا تطعل فراہمی کا جائزہ لیا، خراب لفٹ کا بھی نوٹس لیا اور کنٹریکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور لفٹوں کو فوری چلانے کے احکامات بھی دئیے ۔اس موقع پو انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے منصوبہ جا ت کی تکمیل ترجیحات میں شامل ہے ،کینسر ہسپتال پر ہوم ورک مکمل کرلیا گیاہے ،آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں گے ،ترقیاتی منصوبہ جات کے فنڈ ز اے ڈی پی میں شا مل کیے گئے ہیں جس سے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کر کے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں