افواج نے دشمن بھارت کا غرور خاک میں ملادیا :سلیم حنیف

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر خانیوال شہر و تحصیلوں میں یوم تشکر کی تقریبات،جمعۃ المبارک کو دن کا آغاز۔۔
قومی سلامتی کی دعاؤں سے کیا گیا۔ بھارتی عزائم خاک میں ملانے پر نڈر لیڈر شپ،دلیر افواج اور پاکستانی قوم یک دل ویک جان،وطن عزیز کے کامیاب دفاع پر افواج پاکستان کو خراج تحسین، ضلع کونسل ہال میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی،پولیس گارڈز نے سلامی دی۔ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام یوم تشکر پر شاندار ریلی نکالی گئی۔مرکزی ریلی ضلع کونسل ہال سے ایس پی چوک تک نکالی گئی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ،ڈی پی او اسماعیل کھاڑک،پارلیمانی سیکرٹری رانا سلیم حنیف نے ریلی کی قیادت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غلام مصطفیٰ سیہڑ،اسسٹنٹ کمشنر سنبل جاوید ودیگر افسران،سیاسی قائدین،صحافی،وکلاء ،تاجر برادری،ممبران امن کمیٹی، علمائے کرام،سول سوسائٹی سمیت طلباء کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔پاک افواج کے سربراہوں،جوانوں اور شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سلمیٰ سلیمان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار فتح پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے ،ہمارے اتحاد سے 8گنا بڑے دشمن کو منہ کی کھانا پڑی ہے ،فضائی برتری ختم ہونے پر دشمن کے خواب چکناچور ہوگئے ہیں۔،دشمن زخم چاٹنے پر مجبور ہے ،بھارتی جارحیت سے ہمارے اپنے اختلافات بھی دور ہوگئے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس رانا سلیم حنیف نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن انڈیا کو شکست دی،اور اس کا غرور خاک میں ملادیا،افواج پاکستان اور سیاستدانوں کی کمال مہارت سے ہم نے شاندار کامیابی سمیٹی ہے ۔ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے کہا کہ بھارتی جارحیت کو پسپا کرنے کا کریڈٹ ہماری مسلح افواج کو جاتا ہے ،پاک افواج نے ایک بار پھر لازوال داستان رقم کی ہے ۔خانیوال کی تحصیلوں میانچنوں،جہانیاں،کبیروالا میں اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی پرچم کشائی اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ ۔