پاک فوج نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا :لبنیٰ نذیر

پاک فوج نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا :لبنیٰ نذیر

لودھراں (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، سٹی رپورٹر ) حکومت پنجاب کی ہدایت پر معرکہء حق میں تاریخی فتح حاصل کرنے پر ملک بھر کی طرح لودھراں میں بھی یوم تشکر منایا گیا ۔۔

ضلع کونسل میں ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے یومِ تشکر کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی ۔ یومِ تشکر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر لودھراں ڈاکٹر لبنیٰ نزیر اور ڈی پی او کیپٹن (ر) علی بن طارق نے ضلع کونسل کے سبزہ زار میں رسمِ پرچم کشائی ادا کی ۔ تقریب میں پولیس، ریسکیو ایمرجنسی 1122, اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور قومی پرچم کو سلامی دی ۔ شہریوں کی جانب سے یوم تشکر کے موقع پر افواج پاکستان کو ملی جوش و خروش سے خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن شاہ، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں ارم شہزادی ، اسسٹنٹ کمشنر کہروڑپکا اشرف صالح و دیگر شریک تھے ۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر شکیل احمد ، سابق رکنِ پارلیمان ملک شاہ محمد جوئیہ ، شیخ افتخار الدین تاری ، چیف وارڈن مہر اسد سیال، صدرِ انجمن تاجران ملک اصغر آرائیں، سکولز اور کالجز کے طلباء و اساتذہ بھی شریک تھے ۔ ضلع میں یوم تشکر پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا گیا ۔ افواج پاکستان کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص پر پوری قوم آج یومِ تشکر منا رہی ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے پوری قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے گھر میں گھس کر اسے منہ توڑ جواب دیا ہے اور اسے جارحیت پر ایسا سبق سکھایا ہے جو کہ وہ ساری زندگی یاد رکھیں گے ۔ یومِ تشکر کے حوالے سے ضلع کی تمام سرکاری ،نیم سرکاری اور پرائیوٹ عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں اور ضلع بھر کی اہم سرکاری اور پرائیوٹ عمارتوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے مزین کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں