کہروڑپکا،گلی محلوں میں بجلی کی لٹکتی تاریں خطرے کا الارم

کہروڑپکا(نمائندہ دنیا )گلی محلوں میں بجلی کی لٹکتی تاریں لمحہ فکریہ، کسی بھی ناخوشگوار حادثے کا سبب بن سکتی ہیں ،کئی مرتبہ کرنٹ لگنے کے واقعات بھی ہو چکے ہیں۔۔۔
مناسب اقدامات کیے جائیں ،فور کور کیبل بچھائی جائیں شہریوں کا مطالبہ ۔تفصیل کے مطابق کہروڑپکا شہر اور گرد و نواح کے اکثر گلی محلوں میں بجلی کی بے ہنگم تاروں کے گچھے سروں پر حتیٰ کہ زمین پر بھی لٹکے ہوئے ہیں جن میں اکثر جوڑ بھی ننگے ہیں ، کئی مرتبہ بچوں اور دیگر شہریوں کو کرنٹ بھی لگ چکا ہے جبکہ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید خطرناک ہوجاتی ہے ،شہری وقت خوف میں مبتلا رہتے ہیں۔شہریوں نے چیئرمین میپکو وزیر توانائی و دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس مسئلے سے نجات دلائی جائے ،تاروں کو اونچائی پر باندھا جائے یا فور کور کیبل کی مدد سے اس مسئلے کو حل کیا جائے ۔