تاجروں کیلئے نئی کارگو ٹرین سروس شروع کرنیکا فیصلہ

تاجروں کیلئے نئی کارگو ٹرین سروس شروع کرنیکا فیصلہ

ملتان(لیڈی رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے احکامات پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے ملتان ذوالفقار علی شیخ نے ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ سے ملاقات کی جس میں ریلوے نظام کی بہتری اور۔۔

 تاجر برادری کی سہولیات کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔ ملاقات میں ڈی سی او رملہ راؤ شاہد، ڈی ڈی او سلیمان خالد، ڈویژنل انجینئر عابد رزاق اور تسلیم احمد اور سیکرٹری ایوان محمد شفیق بھی موجود تھے ۔اس اہم ملاقات کے دوران ریلوے حکام اور ملتان چیمبر نے کارگو سروس کو فروغ دینے اور تجارتی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے ذوالفقار علی شیخ نے کہا کہ محکمہ ریلوے کا نظام تیزی سے بہتر ہو رہا ہے ، خصوصاً ٹرینوں کی بروقت آمد و روانگی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ۔ اُنہوں نے بتایا کہ جہاں پہلے صرف 60 فیصد ٹرینیں وقت پر پہنچتی تھیں، اب یہ شرح 80 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ہدف ہے کہ اسے 100 فیصد تک لایا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ کوچز کی حالت بہتر بنانے کے لئے مرمت اور تزئین و آرائش کا عمل جاری ہے تاکہ عوام کو آرام دہ سفر کی سہولت میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان کے تاجروں کے لئے خصوصی کارگو ٹرینیں چلانے جا رہا ہے ، جن سے درآمد و برآمد کے شعبے کو بڑا سہارا ملے گا۔

ذوالفقار علی شیخ نے کہا کہ کارگو ٹرینوں کے کرائے مقرر کئے جائیں گے تاکہ بزنس کمیونٹی کو اپنے سامان کی نقل و حمل میں آسانی اور شفافیت میسر آئے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ منصوبوں میں ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان کو کراچی سے ریلوے کے ذریعے جوڑنے کے لئے خصوصی کارگو سروسز کا آغاز کیا جائے گا۔ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے ریلوے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہتر ریلوے نظام سے عوام کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں سویابین، سن فلاور اور دیگر آئل سیڈز ، آم کی ایکسپورٹ ہوتی ہے ۔ریلوے کی جانب سے کراچی سے ملتان تک کارگو ٹرینیں چلائی جائیں تو نہ صرف کاروباری افراد کو سہولت ملے گی بلکہ ریلوے کی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں