کوٹ ادو‘ہیڈ تونسہ بیراج میں درمیانے درجے کا سیلاب
کوٹ ادو (تحصیل رپورٹر ،نامہ نگار)کوٹ ادو دریائے سندھ ہیڈ تونسہ بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ،نشیبی علاقے زیر آب ،کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں،لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی شروع کردی، ضلعی انتظامیہ غائب۔۔۔
کوئی فلڈیا میڈیکل ریلیف کیمپ قائم نہیں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں اور گلیشئر پگھلنے سے دریاے سندھ ہیڈ تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ہے ،ہیڈ تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح 413430 کیوسک ریکارڈ کی گئی،اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کوئی پیشگی اطلاعات نہ دینے کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کررہے ہیں، مکانات اورفصلیں زیر آب آچکی ہیں۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیر بپاشی نے ہیڈ تونسہ بیراج کا دورہ کیا مگر ضلعی انتظامیہ نے بریفنگ سیشن کرکے انہیں واپس روانہ کردیا ۔مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح مزید بلند ہورہی ہے ،تاحال فلڈ ریلیف یا میڈیکل کیمپ نہیں لگایا گیا ،نشیبی علاقوں میں ملیریا ودیگر موذی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے ، وزیر اعلیٰ سے اپیل ہے کہ سیلابی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔