بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ، درجنوں صارف پکڑے گئے ، بھاری جرمانے

بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ، درجنوں صارف پکڑے گئے ، بھاری جرمانے

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی(میپکو) ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف ڈسکو سپورٹ یونٹ میں شامل میپکو، رینجرز اور پولیس فورسز جوائنٹ آپریشن کررہی ہیں ۔

مبارک پور احمد پور شرقیہ /روجھان، شادن لُنڈ ڈی جی خان /ٹبہ سلطان پور وہاڑی میں آپریشن کے دوران 28افراد بڑے پیمانے پر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ۔ لاکھوں روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر متعددنادہندگان کے ٹرانسفارمرز اور بجلی تنصیبات اتارلی گئیں ۔ میپکو، رینجرز اور پولیس فورسز نے پل فاروق آباد، بستی مکول، بستی داہر، موضع انورآباد، بستی شادو چنر، بستی خانپور اور بستی منڈال میں لاکھوں روپے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے پر 12نادہندگان کے کنکشنز منقطع کرکے میٹرز اور تار اتارلیں جبکہ چیکنگ کے دوران 5صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا اور 200میٹر پی وی سی تار بھی اتارلی گئی ۔ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دی گئیں ۔ ٹیم نے محلہ کرمانی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا۔ ایئرکنڈیشنرز چلانے کے لئے بجلی چوری کرنے والے 18افراد کو موقع سے پکڑ لیا ۔ بھاری لوڈ چلاکر بجلی چوری کی جارہی تھی۔ سرویلنس ٹیم نے بستی چاکی کالا میں آپریشن کرکے 5 صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا ۔ تمام صارفین ایل ٹی لائنوں سے ڈائریکٹ کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کررہے تھے ۔بجلی چوری میں استعمال ہونے والے تار اُتارلئے گئے اور ان کے خلاف مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں بھیج دی گئیں ۔ نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارفین سے 8لاکھ روپے سے زائد واجبات وصول جبکہ 10لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر نادہندہ زرعی ٹیوب ویلوں کے کنکشنز منقطع کرکے ٹرانسفارمرز اور تنصیبات اُتارلیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں