زائد المیعاد ادویات کی ویڈیو وائرل کرنے پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ

 زائد المیعاد ادویات کی ویڈیو وائرل کرنے پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مبینہ طور پر ملنے والی زائد المیعاد ادویات پر احتجاج کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے پر۔۔

 ہسپتال انتظامیہ نے شہری کے دعوے کو جھوٹا اور ویڈیو بنانے کے عمل کو بددیانتی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرادیا۔تفصیلات کیمطابق اظہر کاظمی نامی شہری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی،9 جولائی کو بنائی جانے والی ویڈیو میں شہری نے دعویٰ کیا کہ وہ چیک اپ کے لیے مظفرگڑھ کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آیا تو اسے زائدالمیعاد ادویات فراہم کی گئیں،ویڈیو میں شہری نے یہ بھی الزام لگایا کہ وہ شکایت کرنے کے لیے ہسپتال انتظامیہ کے پاس گیا تو انہوں نے کہا کہ زائدالمیعاد ادویات بھی استعمال کی جا سکتی ہیں،تاہم ویڈیو وائرل ہونے پر ایم ایس ڈاکٹر محمد نصیر کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں شہری اظہر کاظمی کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرادیا گیا۔ایف آئی آر میں ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ زائدالمیعاد ادویات فراہم کرنے کا دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹا ، ہسپتال کی شہرت خراب کرنے کے مترادف ہے ، ہسپتال کے ریکارڈ کے مطابق شہری کو فراہمی کے وقت ادویات زائدالمیعاد نہیں تھیں،امکان یہی ہے کہ شہری کو ہسپتال کے سابقہ وزٹ اور چیک اپ پر ادویات فراہم کی گئی ہوں جن کے زائدالمیعاد ہونے پر ویڈیو بنائی گئی ہو۔پولیس کے مطابق ویڈیو بنانے والے شہری کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں