وہاڑی میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آفس کا افتتاح
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد افضل نے پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے دفتر کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر دونوں افسران نے پیرا کی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دفاتر کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری امور قانون و ضابطے کے مطابق انجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیرا کے فعال ہونے سے تجاوزات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا، جبکہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف دینا اور بازاروں کو کشادہ بنانا اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے بازار اور سڑکیں کشادہ ہوں گی جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی، اور عوام کو آمدورفت میں آسانی میسر آئے گی۔ پیرا کو دیگر محکموں سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔