ڈائریکٹر جنرلز زراعت کا کپاس کے زیر کاشت علاقوں کا دوررہ
ملتان (وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب کے مختلف ڈائریکٹر جنرلز نے کپاس کے زیر کاشت علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کے تحت جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
اس دوران انہوں نے کاشتکاروں سے ملاقات کر کے کپاس کی فصل کو درپیش مسائل دریافت کئے اور ان کی رہنمائی کی۔ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں نے کہا کہ دورے کا مقصد کپاس کی موجودہ نگہداشت سے متعلق سرگرمیوں کی مانیٹرنگ، سرویلنس اور کاشتکاروں کی رہنمائی تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کے نازک مرحلے اور موسمی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے فصل کی دیکھ بھال سے متعلق مؤثر مشورے دیئے گئے ۔ کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے لئے نیوٹریشن اور پیسٹ مینجمنٹ کے اہم نکات سے آگاہ کیا گیا، جبکہ فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت دی گئی کہ وہ ٹیکنیکل ایکسپرٹس گروپ کی سفارشات بروقت کاشتکاروں تک پہنچائیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع بہاولپور حافظ محمد شفیق اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر راشد سرور بھٹی بھی موجود تھے ۔ آج ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چودھری عبدالحمید نے بہاولنگر جبکہ ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول نے رحیم یار خان کا دورہ کیا۔