فیاض پارک مظفرگڑھ میں 2روزہ مینگو فیسٹیول کا آغاز
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے سلسلے میں فیاض پارک مظفرگڑھ میں دو روزہ مینگو فیسٹیول کا آغاز ہو گیا۔
افتتاح ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ایم پی اے محمد اجمل چانڈیہ اور عون حمید ڈوگر نے کیا۔فیسٹیول میں 35 سے زائد مقامی باغبانوں نے اپنے سٹالز لگائے جن پر 18سے زیادہ اقسام کے آم، آم سے تیار سکوائش، پاؤڈر، خشک آم اور کھادوں کی نمائش کی گئی۔ آم کی کاشت اور حفاظت سے متعلق لٹریچر بھی دستیاب تھا۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر جشن آزادی اور معرکہ حق کو یکجا منایا جا رہا ہے ۔ یہ مظفرگڑھ کی تاریخ کا پہلا مینگو فیسٹیول ہے جو اب ہر سال منعقد ہو گا اور شہر کی پہچان بنے گا۔ آئندہ سالوں میں بین الاقوامی سرمایہ کار بھی شرکت کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ میں ملتان سے بھی زیادہ رقبے پر آم کاشت ہوتا ہے ، جبکہ کھجور اور سفید انار بھی یہاں کی پہچان ہیں۔ آم کی ای کامرس کے ذریعے فروخت کے لیے کسانوں کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔قبل ازیں جشنِ آزادی سے متعلق اجلاس میں دفاتر، مارکیٹوں، گھروں کو سجانے اور پرچم کشائی، آتش بازی، شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی سمیت مختلف تقریبات کی منظوری دی گئی۔