کارڈیالوجی ہسپتال : 200 بیڈز کی نئی سرائے کا افتتاح

کارڈیالوجی ہسپتال : 200 بیڈز کی نئی سرائے کا افتتاح

ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کارڈیالوجی ہسپتال میں 200 بیڈز پر مشتمل نئی سرائے کا افتتاح کیا۔

یہ منصوبہ 15 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ، جس کا مقصد دور دراز سے آنے والے مریضوں کے لواحقین کو آرام دہ اور باعزت قیام فراہم کرنا ہے ۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ، سرائے کی تعمیر سے ایسے لواحقین کو سہولت میسر آئے گی جو پہلے گرمی، دھوپ یا کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہوتے تھے ۔سرائے میں رہائش کے ساتھ طعام، بجلی، پانی اور صفائی جیسی بنیادی سہولیات بھی موجود ہیں۔ مزید یہ کہ قیام گاہ میں سکیورٹی، واش رومز، کچن اور ڈائننگ ایریاز بھی بنائے گئے ہیں تاکہ قیام کرنے والوں کو گھریلو ماحول میسر آ سکے ۔ عامر کریم خاں نے پاک گیٹ سے خونی برج تک تاریخی فصیل کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ فصیل کی مرمت اور تزئین و آرائش پر بیس لاکھ روپے سے زائد لاگت آئی ہے ،اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود مؤثر انداز میں مکمل کیا گیا ہے ۔ شہر کی تاریخی شناخت کو بحال کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس میں شہریوں کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں طبی سہولیات کی بہتری اور انتظامی معاملات کی درستگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کی، جس میں نشتر ہسپتال کے انتظامی، طبی اور دیگر مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عملے کے رویے ، ادویات کی قلت، ہسپتال کی صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا گیا۔ ملتان میں یوم آزادی کی تقریبات کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لئے ڈویژنل انتظامیہ نے بھرپور تیاریوں کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں تمام محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ تقریبات کے اہتمام کو یقینی بنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں