200سے زائد واسا ملازمین دو ماہ کی تنخواہوں سے محروم

200سے زائد واسا ملازمین دو ماہ کی تنخواہوں سے محروم

ملتان (خصوصی رپورٹر)واسا ملتان کے ڈیلی ویجز اور کلیریکل سٹاف کے 200سے زائد ملازمین گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، جس کے باعث گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے ۔

 ملازمین نے فوری تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کی دھمکی دی ہے ۔ذرائع کے مطابق واسا اتھارٹی کے قیام اور اجلاس نہ ہونے کے باعث بجٹ منظور نہیں ہو سکا، جس کے نتیجے میں تنخواہوں کی ادائیگی رک گئی ہے ۔ شدید مالی بحران سے دوچار واسا ملتان نے ریکارڈ ریکوری کے باوجود میپکو اور پٹرول پمپ مالکان کو کروڑوں روپے کے واجبات تو ادا کر دیئے ، مگر ملازمین کو تنخواہیں دینے میں ناکام رہا۔متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے نہ صرف گھریلو اخراجات متاثر ہو رہے ہیں بلکہ کئی ملازمین کے بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع ہو چکے ہیں۔ بچوں کی فیسیں اور دیگر ضروریات پوری کرنا ممکن نہیں رہا۔ملازمین نے ڈی جی واسا پنجاب، ایم ڈی واسا خالد رضا، ڈائریکٹر ایڈمن، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے اقدامات کئے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں