فیکٹری سے چربی کا آئل، کار سے مردار گوشت برآمد
ملتان، چوک اعظم ( لیڈی رپورٹر، سٹی رپورٹڑ ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص خوراک کے خلاف دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے چربی سے تیار کردہ آئل اور مردار جانوروں کا گوشت برآمد کر لیا۔
ملتان میں حامد پور پرانا انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک فیٹ رینڈرنگ یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، جہاں جانوروں کی چربی سے کھلا آئل تیار کیا جا رہا تھا۔ موقع سے 9000 لیٹر ناقص آئل اور 150 لیٹر کاسٹک سوڈا برآمد ہوا، جبکہ کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا۔ آئل مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی ہونا تھا، نمونے لیبارٹری بھیج دیے گئے ، فیکٹری مالک کیخلاف مقدمہ درج کر کے 2 افراد گرفتار کر لیے گئے ۔ دوسری جانب چوک اعظم لیہ میں کارروائی کرتے ہوئے فوڈ اتھارٹی نے ایک کار سے 5 من مضر صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا، جو ڈیرہ اسماعیل خان سے لایا جا رہا تھا۔ ملزم کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے مطابق جعل ساز عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔