باگڑ سرگانہ کے دونوں فلٹریشن پلانٹ بند‘ شہری پریشان
عبدالحکیم (نامہ نگار، سٹی رپورٹر) یونین کونسل باگڑ سرگانہ میں واقع دونوں فلٹریشن پلانٹ گزشتہ کئی ماہ سے بند پڑے ہیں، جس سے 25ہزار سے زائد آبادی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔
یہ پلانٹ باگڑ سرگانہ بستی اور آڈہ پل باگڑ پر قائم تھے جنہیں مقامی شہری اپنی مدد آپکے تحت چلا رہے تھے ، تاہم فنڈز اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بند ہو چکے ہیں۔فلٹریشن پلانٹس کی بندش کے بعد شہری آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس کے نتیجے میں معدہ، جگر، پھیپھڑوں، جلدی اور دیگر وبائی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے ۔علاقہ مکین عبدالقیوم، رمضان ، اسلم، عارف، سیف علی اور دیگر نے کہا ہے کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے مگر یہاں عوام بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے احکامات جاری کئے جائیں ۔