دیور کی مکان پر قبضہ کی کوشش، بیوہ کا نوٹس کا مطالبہ
وہاڑی (خبرنگار نمائندہ خصوصی) بیوہ بلقیس بی بی نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے دیور عبدالطیف نے بیٹوں اور۔۔
نامعلوم افراد کے ہمراہ اسلحہ کے زور پر ان کے پانچ مرلہ مکان پر قبضے کی کوشش کی۔ واقعہ تھانہ کرم پور کی حدود میں پیش آیا۔ خاتون کے مطابق وہ گزشتہ 18 برس سے ٹبی نہر کے قریب گھر میں مقیم ہیں، جبکہ شوہر 4 سال قبل انتقال کر چکا ہے ۔ بلقیس بی بی نے بتایا کہ عبدالطیف، اس کے بیٹے نعمان، فیضان، ارسلان، رشتہ دار شاکر و دیگر نے گھر پر دھاوا بول کر بدتمیزی، توڑ پھوڑ اور ہوائی فائرنگ کی، مگر پولیس 15 پر کال کے باوجود موقع پر نہ پہنچی۔ بعدازاں درخواست دینے پربھی شنوائی نہ ہوئی۔ بیوہ کے مطابق ڈی پی او وہاڑی کی کھلی کچہری میں پیش ہونے پر ایس ایچ او کرم پور کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا، لیکن پولیس نے مبینہ طور پر احکامات نظر انداز کیے اور متاثرین کے خلاف ہی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ اہل محلہ اور متاثرہ خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈی پی او سے نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔