شہباز شریف ہسپتال میں سروس ڈیلیوری بہتر،طبی سہولتیں یقینی بنانے کا حکم

شہباز شریف ہسپتال میں سروس ڈیلیوری بہتر،طبی سہولتیں یقینی بنانے کا حکم

ملتان(لیڈی رپورٹر)شہباز شریف میں سروس ڈیلوری بہتر، طبی سہولتیں یقینی بنانے کا حکم۔سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین ہسپتالوں میں موثر سروس ڈیلیوری یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔۔

، اس سلسلے میں گزشتہ روز انہوں نے سی ای او ہیلتھ ملتان اور دیگر افسروں کے ہمراہ شہباز شریف ہسپتال ملتان کا اچانک دورہ کیا ،شہباز شریف ہسپتال اور فاطمہ جناح کیمپس میں فراہم کردہ طبی و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے سٹاف کی حاضری، صفائی کی صورتحال، مختلف طبی آلات کے فعال ہونے سمیت دیگر امور کو چیک کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے پارکنگ سٹینڈ پر اوورچارجنگ کی شکایات پر ٹھیکیدار کی سرزنش کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر صوبان ضیاء کو پارکنگ سٹینڈ ٹھیکیدار کیخلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے فاطمہ جناح کیمپس میں فراہم کردہ گائنی سروسز کا بھی جائزہ لیا اور مرکزی فارمیسی میں ادویات کی دستیابی کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر کیا جائے اور لوگوں کو صحتِ عامہ کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ان سے خندہ پیشانی نے پیش آئیں،سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب نادیہ ثاقب کی قیادت میں لوگوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو موثر طور پر بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں کے دورے جاری رکھیں گے، محکمہ ہیلتھ کے افسراور ڈاکٹرز صحت عامہ پر بھرپور توجہ دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں