پارکوں کی صور تحال ابتر،بہتری کیلئے ڈیڈ لائن
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ملتان ڈویژن میں بعض پارکوں کی ابتر صورتحال ،ڈویژنل کمشنر عامر کریم خاں کا اظہار برہمی ، ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ۔۔
مقررہ مدت میں بہتری یقینی بنانے کی ہدایت۔ ڈویژنل کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت پارکس کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے پی ایچ اے کی کارکردگی کے جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا جس میں پارکوں کی ایویلیوایشن کے لیے کی گئی تھرڈ پارٹی انسپکشن رپورٹس پیش کی گئیں۔ کمشنر نے بعض پارکس کی ابتر صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر بہتری یقینی بنائی جائے ۔دریں اثنائکمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے مدنی پارک کا دورہ کیا اور گزشتہ دورے میں نشاندہی کی گئی خامیوں کے ازالے کا جائزہ لیا،مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور چند پہلوؤں پر مزید بہتری کے لیے واضح ہدایات جاری کیں۔کمشنر نے پارک کی مجموعی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا اور صفائی، روشنیوں اور دیگر سہولیات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔پارک کی دیکھ بھال کے لیے تسلسل سے اقدامات اٹھانے اور بہتری کو مستقل بنانے پر زور دیا۔انہوں موقع پر موجود شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی رائے سنی۔ شہریوں نے درخواست کی کہ پارک کا دوسرا داخلی دروازہ جو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند تھا کھولا جائے تاکہ بزرگ شہریوں کو سہولت مل سکے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ گیٹ کو فجر کے بعد چند مخصوص اوقات کے لیے کھولا جائے تاکہ بزرگ شہریوں کو آسانی میسر آ سکے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ پارک شہریوں کے لیے نہ صرف تفریح بلکہ ذہنی سکون اور صحت مند سرگرمیوں کا ذریعہ ہیں لہٰذا ان کی حالت کو بہتر بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ تمام پارکس میں صفائی، روشنی، سکیورٹی اور فیملی فرینڈلی ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کریم بخش سمیت متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔