ٹی ایچ کیو ہسپتال جہانیاں میں طبی سہولتوں کا شدید فقدان

ٹی ایچ کیو ہسپتال جہانیاں میں طبی سہولتوں کا شدید فقدان

جہانیاں (نمائندہ دنیا) ضلعی انتظامیہ کے مفت ادویات اور بہترطبی سہولتوں کی فراہمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔

ٹی ایچ کیو ہسپتال جہانیاں میں سہولیات کا شدید فقدان ہے ۔ سرکاری لیبارٹری کی مشینری مبینہ طور پر خراب ہونے کے باعث مریض پرائیویٹ لیبارٹریز سے مہنگے ٹیسٹ کروانے پر مجبور ہیں، جبکہ ڈیوٹی پر موجود عملہ مریضوں کو پرائیویٹ کلینکس پر جانے کا مشورہ دے رہا ہے ۔نواحی علاقہ 148/10آر سے آنے والی بزرگ خاتون شمشاد بی بی نے احتجاجاً ہسپتال کے گیٹ پر بیٹھ کر علاج کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تین روز سے چکر لگا رہی ہیں مگر کوئی سنوائی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے پیٹ میں رسولی ہے ، پرائیویٹ الٹراساؤنڈ کروا چکی ہیں، مگر سرکاری لیبارٹری والے کہتے ہیں کہ مشینری خراب ہے ، ایک ہفتے بعد آنا۔خاتون کے مطابق نرسوں نے ناروا رویہ اپنایا اور ہسپتال سے نکال دیا۔ ڈاکٹر نے سرکاری پرچی پر اپنا ذاتی نمبر دے کر شام کو کلینک آنے کا کہا۔ شمشاد بی بی نے کہا کہ وہ گھروں میں کام کر کے بچوں کا پیٹ پالتی ہیں، پرائیویٹ علاج کے اخراجات نہیں اٹھا سکتیں۔شہریوں اور مریضوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر صحت، سیکرٹری ہیلتھ اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں