جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے حل کیلئے کمیٹیاں بنادیں
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) جماعت اسلامی ضلع کوٹ ادو کے امیر فرقان آصف بزدار نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے محلہ سطح پر عوامی کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔
دفتر جماعت اسلامی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگ اب اپنے مسائل کے حل کیلئے سیاسی ڈیروں پر جانے کے بجائے ، مقامی سطح پر بنائی گئی کمیٹیوں سے رابطہ کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 10کمیٹیاں قائم کی جا چکی ہیں جبکہ جلد ہی ضلع بھر میں 100کے قریب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جن کی قیادت نوجوان کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سماجی رابطوں کے فقدان کو ختم کرنے میں مدد دے گا اور عوام کو فوری ریلیف ملے گا۔فرقان آصف بزدار نے ضلع بننے کے باوجود انتظامی عہدوں پر افسروں کی تعیناتی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس وجہ سے شہر میں روزانہ بدامنی کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے ایس ایچ او کوٹ ادو سٹی کے عوام سے ناروا سلوک کی شکایت بھی کی اور کہا کہ اس بارے میں ڈی پی او سے ملاقات کر کے ان کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔