ایمرسن یونیورسٹی:اکیڈمک بلاک کیلئے 1ارب 30 کروڑ منظور
ملتان(نعمان خان بابر سے )ایمرسن یونیورسٹی میں نیو اکیڈمک بلاک کی تعمیر کے لئے ایک ارب تیس کروڑ روپے کا بجٹ منظور ۔۔
،ایڈمن بلاک کے لئے دس کروڑ روپے کا فنڈ جاری ،ملتان سے مظفر گڑھ تک طلبا کیلئے روٹ چلانے کے لئے حکومت سے دو ای وی بسیں مانگ لیں ، نو لیبز میں کوالٹی ایجوکیشن کو مزید بہتر کرنا ترجیح ، ایک سو چھتیس مختلف پروگرامز میں زیر تعلیم طلبا کی تعداد آٹھ ہزار سات سو پچھتر، صرف تین ہزار نئے داخلوں کے لئے بائیس ہزار دو سو درخواستیں موصول، سکروٹنی کرنا بھی مشکل ، سیلری کے بجٹ سے ہی ساڑھے آٹھ کروڑ روپے کا انڈونمنٹ فنڈ اور ساڑھے پانچ کروڑ روپے سے پنشن فنڈ بنا دیا۔ اخراجات کو مزید کم کرنے کے لئے ایک سو پچاس کے وی کا سولر لگا دیا جس سے یونیورسٹی کا بجٹ معاشی لحاظ سے سرپلس ہو گیا جس سے ادارے کے ڈیفالٹ ہونے کے امکانات صفر ہوگئے ۔ جس کی وجہ کم ریسورسز میں بہترین فیکلٹی کے ساتھ ادارے کی ساکھ بھی مزید بہتر ہوئی ہے اور اسی لئے جلد ای آر پی سسٹم بھی اپلائی کر لیں گے ایمرسن یو نیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان کی روزنامہ دنیا سے گفتگو تفصیل کے مطابق ایمرسن یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت ، ای کامرس ، بینکنگ اینڈ فائنانس ، ڈیٹا اینالیٹیکل ، کریمینالوجی اور فرانزک سائنس سمیت ایک سو چھتیس مختلف پروگرام جاری ہیں جن میں زیر تعلیم طلبا کی تعداد آٹھ ہزار سات سو پچھتر تک پہنچ چکی ہے تاہم نئے داخلوں کیلئے بائیس ہزار دوسو درخواستیں موصول ہونے پر تیرہ ہزار سات سو امیدواروں نے فیسیں بھی جمع کرا دی ہیں جس کی وجہ سے صرف تین ہزار سیٹوں پر امیدواروں کو داخلہ دینا بھی انتہائی مشکل ہو گیا ہے اس حوالے سے ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ یونیورسٹی میں سکلز ایجوکیشن دینا ترجیح ہے اور کوالٹی آف ایجوکیشن پر کوئی کمپرومائز نہیں تاہم اسکے ساتھ یونیورسٹی میں ترقیاتی کام بھی جاری ہیں جس کیلئے ایچ ای سی نے نیو اکیڈمک بلاک کی تعمیر کے لئے ایک ارب تیس کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر دیا ہے جبکہ ایڈمن بلاک کے لئے بھی دس کروڑ روپے کا فنڈ جاری کر دیا گیا ہے جس سے ادارے کا انفراسٹرکچر کافی حد تک تبدیل ہو کر مزید بہتر ہو جائے گا ۔وائس چانسلر نے کہا کہ طلبا کی سہولت کیلئے ملتان سے مظفرگڑھ کے لئے جلد روٹ چلا دیا جائے گا جس کے لئے دو الیکٹرک وہیکلز فراہم کرنے کی حکومت کو درخواست کر دی ہے جس کے ملتے ہی مظفرگڑھ کے طلبا کے لئے جلد بس سروس شروع کر دیں گے پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ یونیورسٹی کا بجٹ سرپلس ہے جس کی بڑی وجہ سیونگ ہے ۔