کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کیخلاف آپریشن شروع

کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کیخلاف آپریشن شروع

ملتان ( خصوصی رپورٹر) ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے سڑکوں پر گندگی اور کوڑا کرکٹ سمیت تعمیراتی ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔

اس سلسلے میں سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرزاق ڈوگر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سڑکوں پر گندگی پھینکنے والے ریڑھی بانوں اور دکانداروں سے ملاقات کی ۔اس موقع پر عبدالرزاق ڈوگر نے ریڑی بانوں کو وارننگ دی کہ سڑکوں پر گندگی اور ملبہ جات پھینکنے پر بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔اس موقع پر ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ عبدالرزاق ڈوگر نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں سول سوسائٹی کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے اس سلسلے میں تاجر برادری سے گزارش ہے کہ وہ بازار کھلنے اور بند ہونے کے اوقات کے دوران کوڑا کرکٹ اور گندگی سڑکوں پر ڈالنے کے بجائے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹینرز اور ڈسٹ بن میں ڈالیں تاکہ عملہ صفائی کو کوڑا اٹھانے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے وارننگ دی کہ سڑکوں پر گندگی اورکوڑا کر کٹ ڈالنے کے ساتھ تعمیراتی ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف سخت جرمانے تجویز کئے جا رہے ہیں۔ تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں مدد مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے تعاون سے گنجان بازاروں میں نئے ڈسٹ بن اور کنٹینر بھی رکھے جا رہے ہیں جبکہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے اوقات کار اور عملہ صفائی کے نمبر بھی نمایاں مقامات پر آویزاں کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں