خاتون سے مبینہ زیادتی کے ملزم کی عبوری ضمانت خارج
ملتان (کورٹ رپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے مختلف مقدمات میں اہم عدالتی فیصلے سنائے ، جن میں دو ملزموں کی عبوری ضمانتیں خارج جبکہ دو دیگر ملزموں کی عبوری ضمانتیں منظور کی گئیں۔
ایڈیشنل سیشن جج نے خاتون کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں ملزم عارف کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ ملزم کے خلاف تھانہ ستیل ماڑی میں مقدمہ درج ہے ۔ اسی طرح شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں ملوث ملزم شہباز علی کی عبوری ضمانت بھی مسترد کر دی گئی۔ فاضل عدالت نے شہری کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم محمد جہانگیر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہے ۔اسی طرح امانت میں خیانت کے مقدمہ میں ملوث ملزم امیر علی کی بھی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔ مقدمہ تھانہ گلگشت میں درج ہے جس میں الزام تھا کہ ملزم نے بطور امانت رکھی گئی نقدی اور قیمتی سامان واپس کرنے سے انکار کیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار 5 ملزموں عدنان شاہ، افتخار، عدنان بھولا، سانول اور امیر حمزہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا ۔ پولیس کے مطابق ان ملزموں سے بھاری مقدار میں چرس اور دیسی شراب برآمد کی گئی تھی۔