کوٹ ادو ، ہسپتال میں غیر قانونی پارکنگ ‘زائد فیس وصول
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ ادو کے پارکنگ سٹینڈ پر زائد فیس وصولی اور غیر قانونی قبضہ، ایم ایس کی مدعیت میں کنٹریکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو نے عوامی شکایات پر رات 10بجے اچانک ہسپتال کا دورہ کیا۔ موقع پر موجود مریضوں کے لواحقین اور شہریوں نے شکایت کی کہ پارکنگ عملہ مقررہ ریٹ سے زیادہ فیس وصول کر رہا ہے ، جبکہ اسپتال کی اضافی زمین پر بھی قبضہ جما رکھا ہے ۔ اس صورتحال سے مریضوں، تیمارداروں اور گاڑیوں کی آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ایم ایس ڈاکٹر کامران اکبر نے معاملے پر تھانہ سٹی کوٹ ادو میں تحریری درخواست دی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پارکنگ کنٹریکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمے میں عوامی سہولت میں رکاوٹ ڈالنے اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔