ڈاکٹر طاہر محمود زکریا یونیورسٹی کے نئے ترجمان مقرر
ملتان(خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی ملتان میں ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز میں تبدیلیاں کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر محمود کو نیا ترجمان مقرر کر دیا گیا ہے ، جبکہ ڈائریکٹوریٹ کا دفتر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیا سنٹر میں منتقل کر دیا گیا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ڈاکٹر طاہر محمود میڈیا ریلیشنز، ایونٹ مینجمنٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے یونیورسٹی کی عوامی تصویر کو اجاگر کریں گے ۔ انہیں پریس ریلیز کی تیاری، میڈیا ہاؤسز تک ترسیل، یونیورسٹی کی کامیابیوں کو سامنے لانے اور تقریبات کے انعقاد کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔ترجمان ملٹی میڈیا پروڈکشن، ویڈیوز، گرافکس ڈیزائن اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ و سوشل میڈیا مواد کے انتظام کے فرائض انجام دیں گے ۔ قومی تقریبات و کانفرنسوں میں میڈیا کوریج کا اہتمام اور طلباء، فیکلٹی و عملے کو اہم اعلانات سے باخبر رکھنا بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔ڈاکٹر طاہر محمود یونیورسٹی کے نیوز لیٹر اور آفیشل ویب سائٹ کے انتظام میں بھی کردار ادا کریں گے ، تاکہ معلومات بروقت اور مؤثر انداز میں طلباء و سٹاف تک پہنچائی جا سکیں۔