ایل ایل بی چار سالہ نصاب، عدم عمل پر کارروائی کا عندیہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان بار کونسل نے ایل ایل بی چار سالہ پروگرام کا نیا نصاب نافذ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ احکامات پر عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستان بار کونسل اور ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن کے تعاون سے ، سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ کی توثیق کے بعد، ایل ایل بی کے امور طے کئے ہیں۔بیان کے مطابق، قانونی تعلیم کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور پاکستان میں قانون کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ایل ایل بی کی مدت پانچ سال سے کم کر کے چار سال کر دی گئی ہے ۔ اس فیصلے کے تحت ملک بھر کی یونیورسٹیاں، ڈگری ایوارڈ کرنے والے ادارے اور ان سے منسلک لاء کالجز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بیچلر آف لاز (ایل ایل بی) 2025 کے نظرثانی شدہ نصاب پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔پاکستان بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ اس نصاب پر عمل درآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے نئے نصاب کے مطابق کلاسز اور کورس ورک ترتیب دیں تاکہ طلبہ بین الاقوامی معیار کے مطابق قانونی تعلیم حاصل کر سکیں۔