اتائیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ
ملتان (وقائع نگار خصوصی )کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ملتان ڈویژن میں عوامی صحت اور خوراک کے معیار کو لاحق خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اتائیوں اور بغیر لائسنس میڈیکل پریکٹشنرز کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے مضر صحت چائے کے کھوکھے اور غیر معیاری کھانے فروخت کرنے والے ڈھابوں کو بند کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گرمی کے موسم میں غیر معیاری شربت فروخت کرنے والی ریڑھیوں کے خلاف بھرپور ایکشن کیا جائے ۔ جعلی ادویات، جعلی پتی، مضر صحت کھانے اور جعلی پیسٹی سائیڈز بیچنے والوں کو عوام کے جان و مال کا دشمن قرار دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کسی صورت رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کارروائی صرف چھوٹے کاروبار تک محدود نہ رکھی جائے بلکہ بڑے فوڈ چینز اور برانڈز کی بھی کڑی نگرانی کی جائے ۔علاوہ ازیں کمشنر عامر کریم خاں سے تمباکو کنٹرول وفد نے ملاقات کی اور انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات میں سگریٹ خریداری پر پابندی کے اطلاق اور ڈویژن کو سموکنگ فری بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ سگریٹ انڈسٹری کے مکمل خاتمے تک تمباکو نوشی سے نجات ناممکن ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پارکوں اور سرکاری دفاتر میں نو سموکنگ بورڈز نصب کر دیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مربوط پالیسی کے تحت ہی نئی نسل کو تمباکو نوشی سے بچایا جا سکتا ہے ۔ تمباکو نوشی کینسر اور دیگر جان لیوا بیماریوں کا بڑا سبب ہے ، اس سے بچاؤ کے لئے ہر سطح پر سخت اقدامات ضروری ہیں۔وفد نے بریفنگ میں بتایا کہ عوامی مقامات اور دفاتر میں تمباکو نوشی قانوناً جرم ہے جبکہ سیکشن 5 کے تحت تمام تعلیمی اداروں میں تمباکو مصنوعات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے ۔ سکول بس اور ویگن میں بھی تمباکو نوشی ممنوع ہے ۔ میڈیا میں تمباکو مصنوعات کے اشتہارات پر پابندی ہے ، اور اٹھارہ سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ فروخت کرنا جرم ہے ۔