نشتر ہسپتال کی بہتری ، مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کا حکم
ملتان (وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال کے تمام 32ڈیپارٹمنٹس کے۔۔
سربراہان سے اہم ملاقات کی جس میں ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج ڈاکٹر راؤ راشد قمر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راؤ امجد اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن بھی شریک ہوئے ۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے طبی سہولتوں کی فراہمی اور مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدمات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شہریوں کو صحت کی سہولیات تک آسان اور مؤثر رسائی کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور صحت کے شعبے میں بہتری ان کی پہلی ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج کے لیے ذاتیات سے بالا ہو کر کام کرنا ہوگا،نشتر ہسپتال میں نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ دیگر صوبوں سے بھی مریض آتے ہیں، اس لیے تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کو اپنے شعبے کی مکمل اونر شپ لیتے ہوئے ہسپتال کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔