حکومتی پالیسیوں سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن، احمد یار ہنجرا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجراء نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت کی حالیہ پالیسیاں پاکستان کو معاشی استحکام، داخلی امن اور خارجہ محاذ پر مضبوطی کی راہ پر گامزن کر رہی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں خارجہ پالیسی کے مثبت اثرات ظاہر ہو رہے ہیں، عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور خطے میں تجارتی راہداری منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا قیام، نوجوانوں کیلئے روزگار پروگرام، کسان پیکیج، صحت سہولت کارڈ کی بحالی، تعلیمی اصلاحات اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر تیز رفتار کام حکومت کے عملی ویژن کا ثبوت ہیں، یہ اقدامات عوام کو فوری ریلیف اور ایک خوشحال پاکستان کی بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔ملک احمد یار ہنجراء نے کہا کہ ہمارا ڈیرہ ہر وقت عوام کیلئے کھلا ہے جہاں مسائل سن کر فوری حل کیلئے اقدامات کیے جاتے ہیں، اس کے برعکس جیتنے والے نمائندے لاہور اور اسلام آباد تک محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے۔