ٹرالی کھمبے سے ٹکرا گئی، بجلی بند ٹرانسفارمر، سائن بورڈ گرگیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ریلوے چوک میں ٹرالی بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی جس سے کھمبا جھک گیا اور اس پر نصب ٹرانسفارمر، سائن بورڈ اور بجلی کے تار نیچے گر گئے ۔
حادثے کے باعث کوٹ ادو سٹی فیڈر کی بجلی کئی گھنٹے معطل رہی، شہری شدید حبس میں پریشانی کا شکار ہوگئے ۔ دکانداروں اور شہریوں نے واقعے کو انتظامیہ کی غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ برسوں سے ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے مگر عملدرآمد نہیں ہوا۔ بعدازاں واپڈا ٹیم نے چھٹی کے دن بھی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کر کے بجلی بحال کر دی، جس پر شہریوں اور تاجروں نے شکریہ ادا کیا۔