پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹی مصالحہ چکی کیخلاف کارروائی
ملتان، ڈیرہ غازی خان (لیڈی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عثمان ٹاؤن کریانوالہ دربار کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مصالحے میں رنگ کی ملاوٹ کرنے والے کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
ٹیم نے چیکنگ کے دوران 320 کلو گرام ملاوٹی مصالحے برآمد کر کے ضبط کر لئے ، جبکہ مالک کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق چیکنگ کے دوران مصالحوں کا سیمپل فیل ہو گیا اور موقع پر چائنہ نمک و کھلا رنگ بھی برآمد کیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گرائنڈنگ یونٹ میں رنگ ملا کر غیر معیاری مصالحہ جات تیار کئے جا رہے تھے ، جو انسانی صحت کے لئے خطرناک ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے ، شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کھانے پینے کی اشیا خریدتے وقت معیار اور صفائی کو ضرور مدنظر رکھیں۔ بسکٹس کی تیاری میں جعلسازی کا بڑا دھندہ بے نقاب، ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی کا ٹیم کے ہمراہ غازی پور دستی میں بسکٹ فیکٹری پر چھاپہ،10 ہزار کلو ایکسپائرڈ بسکٹس،90کلو پاؤڈر،40 لیٹر اجزاء تلف،فیکٹری مالک کو 3لاکھ روپے جرمانہ عائد، ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی نے ٹیم کے ہمراہ غازی پور دستی ڈی جی روڈ مظفرگڑھ میں بسکٹ فیکٹری پر چھاپہ مارا۔