ستھرا پنجاب مہم:2800جدید ڈسٹ بن نصب

ستھرا پنجاب مہم:2800جدید ڈسٹ بن نصب

ملتان (خصوصی رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرازق ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ’’ستھرا پنجاب‘‘ مہم کے تحت ملتان میں صفائی ستھرائی کو مثالی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے ۔۔

اس مقصد کے لیے شہر میں جدید ڈسٹ بنز کی تنصیب کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جن سے صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق بھی موجود تھے ۔عبدالرازق ڈوگر نے بتایا کہ جدید ڈسٹ بنز ایسا ڈیزائن رکھتے ہیں جو کوڑا کرکٹ کو محفوظ طریقے سے جمع کرنے اور بدبو کو کم کرنے میں مددگار ہیں۔ ان ڈسٹ بنز سے عملہ صفائی روزانہ کی بنیاد پر کچرا اکٹھا کرے گا تاکہ کسی بھی مقام پر گندگی جمع نہ ہو۔ ابتدائی مرحلے میں ضلع ملتان کے مختلف مقامات پر 2 ہزار 800 سے زائد ڈسٹ بنز نصب کیے جا رہے ہیں جن میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈسٹ بنز مرکزی بازاروں، اہم شاہراہوں، پارکوں اور رہائشی علاقوں میں لگائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صفائی کی سہولت ان کے قریب میسر ہو۔ سی ای او نے سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد صفائی کا خاص خیال رکھیں اور کچرا شاہراہوں یا نالیوں میں پھینکنے کے بجائے ڈسٹ بنز میں ڈالیں۔انہوں نے واضح کیا کہ شاہراہوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے یا کچرا جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جرمانے بھی کیے جائیں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی آگاہی مہم کے تحت بینرز، پمفلٹس اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے شہریوں کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کیا جا رہا ہے ۔عبدالرازق ڈوگر نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ مہم صرف حکومت یا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ مشن ہے ۔ اگر ہر شہری اپنا حصہ ڈالے تو ملتان کو صاف اور خوبصورت شہر میں بدلا جا سکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں