کوٹ ادو‘ آگ سے بچاؤ ‘ابتدائی طبی امداد کی تربیتی ورکشاپ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی کی نگرانی میں ریسکیو 1122نے آگ سے بچاؤ اور ابتدائی طبی امداد کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
تربیت میں تحصیل آفیسر ریسکیو اسامہ ذیشان، ریسکیو سنٹر انچارج عثمان شاہ، انجمن تاجران کے صدور، تاجر برادری، صحافیوں اور پریس کلب کے ارکان نے حصہ لیا۔ریسکیو ماہرین نے آگ لگنے کی صورت میں حفاظتی اقدامات، آگ بجھانے کے طریقے اور بازاروں میں فائر سیفٹی کی اہمیت پر بریفنگ دی۔ تاجر برادری کو ہدایت کی گئی کہ وہ بازاروں میں آگ بجھانے والے آلات، ایمرجنسی راستے اور فوری رابطے کے نظام کو یقینی بنائیں۔ورکشاپ میں ہارٹ اٹیک کی صورت میں ابتدائی طبی امداد (CPR) کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا جسے شرکاء نے بھرپور توجہ سے سیکھا۔ڈاکٹر ناطق حیات نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کوٹ ادو کو سیفٹی کے حوالے سے ماڈل سٹی بنانے کیلئے ریسکیو 1122تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔