ایڈیشنل چیف سیکرٹری ٹی ایچ کیو میں بدانتظامی پر برہم

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ٹی ایچ کیو میں بدانتظامی پر برہم

بہاولپور، ملتان (خبرنگار، سٹی رپورٹر، لیڈی رپورٹر) ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمدپور شرقیہ کا اچانک دورہ کیا۔

ان کے ہمراہ سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو آفتاب پیرزادہ، اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خاور بھٹہ موجود تھے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ایمرجنسی، سرجری، آرتھوپیڈک وارڈ، ہسپتال فارمیسی اور آؤٹ ڈور کا معائنہ کیا اور مریضوں سے بات چیت کی۔ آرتھو اور آؤٹ ڈور میں ڈاکٹرز کے دفاتر کے باہر طویل انتظار کے باعث مریضوں کا رش دیکھا گیا۔ ہسپتال فارمیسی لیپ ٹاپ سے محروم تھی اور موبائل فون کے ذریعے ایپ میں ادویات کا اندراج ہو رہا تھا۔دورے کے دوران ایک خاتون نے شکایت کی کہ اس کے شوہر کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں مگر تین روز سے علاج پر توجہ نہیں دی گئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری بدانتظامی دیکھ کر برہم ہو گئے اور کہا کہ ٹائم مینجمنٹ سے رش کم کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز مسیحا ہیں، خندہ پیشانی سے پیش آئیں تو مریض کا آدھا مرض دور ہو جاتا ہے ۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ غریب مریضوں کی عزت نفس کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج وزیر اعلیٰ کا ویژن ہے ، اس لئے ہر مریض کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے ہسپتال کے امور درست کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جلد دوبارہ دورہ کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں