آزادی شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ، تجدید عہد ضروری ،احمد محمود
ملتان(لیڈی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم اور ۔۔
چیف کوآرڈی نیٹر عبدالقادر شاہین نے کہا ہے کہ آزادی ایک قیمتی تحفہ ہے جو بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل ہوا۔ پاکستان کی آزادی لاکھوں شہداء کے لہو سے لکھی گئی داستان ہے ، جس نے ہمیں غلامی سے نجات دلائی۔انہوں نے تمام پاکستانیوں کو 78ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جمہوریت، آئین اور مساوات کے اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے ۔ 1973 کا آئین تحریک آزادی کے جذبے کا مظہر اور ملکی مستقبل کے لیے متفقہ لائحہ عمل ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کو مضبوط بنا کر ترقی اور اتحاد کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے ۔ یوم آزادی پر بانیان پاکستان اور آزادی کے لئے قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ آج قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ویژن اور جمہوری نظریات کی یاد دہانی کا دن ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آمرانہ ادوار کا سامنا بنیادی آزادیوں کے لئے نقصان دہ رہا، پیپلز پارٹی بانی اجداد کے اصولوں پر کاربند ہے ۔