میپکو،رینجرز کا ڈی جی خان میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن
ملتان (خصوصی رپورٹر)سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ڈی جی خان سرکل ملک خورشید احمد اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں۔۔
ڈی جی خان شہر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا۔ ایکسین ڈی جی خان ڈویژن عزیزالرحمن اور ایس ڈی او سٹی سب ڈویژن شہباز احمد بھٹی کی سربراہی میں میپکو، رینجرز اور پولیس کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کے دوران 153صارفین کو ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈا سسٹم کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ کارروائی میں 53صارفین کے میٹرز، ایک ٹرانسفارمر، 100 میٹر ایچ ٹی لائن، 200 میٹر ایل ٹی لائن، 1500 میٹر پی وی سی تار اور 500 میٹر اے بی سی کیبل اتار لی گئی، جبکہ 3 بجلی چوروں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔بستی بزدار اور اختر کالونی میں غیر قانونی کنکشنز ہٹانے کے دوران مشتعل رہائشیوں نے میپکو ٹیم پر پتھروں سے حملہ کر دیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔